بنگلورو،16؍مارچ(ایس او نیوز) بنگلورو میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایم ٹی سی) نے ہفتہ کے دن یہ فیصلہ کیا کہ وہ شہر میں اپنے اسفار کے دس فیصد حصہ کو معطل کر دے گا، البتہ بی ایم ٹی سی کی وایو وجرا ایر پورٹ خدمات معمول کے مطابق ہی چلائی جائیں گی، بی ایم ٹی سی کا یہ اقدام جمعہ کے دن ریاستی حکومت کی طرف سے شہراور ریاست بھر میں تمام یونیورسٹیوں، مال، پب، تھئیٹر اور کلب وغیرہ کو ایک ہفتہ تک کے لئے بند رکھنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
بی ایم ٹی سی کی جانب سے جاری کر دہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”کرناٹک ریاستی حکومت نے کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے پھیلاؤپر قابو پانے کے لئے مختلف احتیاطی اقدامات کا اعلان کیا ہے، جس کے نتیجہ میں ان صارفین کی تعداد میں کافی کمی واقع ہوئی ہے جو بی ایم ٹی سی بسوں کااستعمال کرتے ہیں، لہٰذا بی ایم ٹی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے اسفار میں 10 فیصد کمی پیدا کر لے گا(البتہ اس میں ہوائی اڈے کی جانب جانے والی گاڑیاں شامل نہیں رہیں گی)“۔
واضح رہے کہ بی ایم ٹی سی کے دستہ میں کل 6603 بسیں شامل ہیں اور روزانہ شہر میں اس کے کل 6,154 اسفار ہوتے ہیں جبکہ اس پر روزانہ صارفین کی تعداد 36 لاکھ افراد کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اسفار میں کمی ان رخوں پر لائی گئی ہے جہاں زیادہ تعداد میں گاڑیاں چلائی جاتی ہیں اور بسوں کے درمیان کا وقفہ بھی کم ہو تا ہے، لازمی، واحد سفر اور زیادہ وقفہ والی بسوں کو حسب معمول چلایا جائے گا“۔